05/08/2026
جھلاوان کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان (رجسٹرڈ) کا اعلامیہ
جھلاوان کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان (رجسٹرڈ) کے مطابق ضلع خضدار میں مختلف محکموں کے ایسے ایگزیکٹو انجینئرز گزشتہ طویل عرصے سے اپنے عہدوں پر تعینات ہیں۔ ان میں۔
* محکمہ بی اینڈ آر روڈز
* محکمہ بی اینڈ آر بلڈنگ
* محکمہ پی ایچ ای
کے متعلقہ افسران شامل ہیں۔
ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ ان محکموں میں مبینہ طور پر کرپشن، اقربا پروری اور مفادات کے ٹکراؤ نے شفافیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ الزام ہے کہ بعض افسران نے اپنے قریبی دوستوں اور منظورِ نظر افراد کے نام پر کمپنیاں قائم کر رکھی ہیں اور بالواسطہ طور پر انہی فرموں کو ٹینڈرز میں حصہ دلوا کر سرکاری منصوبے انہی کے نام ایوارڈ کیے جا رہے ہیں، جس سے صاف و شفاف مقابلے اور میرٹ کی کھلی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
جھلاوان کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان (رجسٹرڈ) واضح کرتی ہے کہ جب تک مذکورہ افسران کا تبادلہ نہیں کیا جاتا اور ٹینڈرنگ کے عمل کو مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور قانون کے مطابق نہیں بنایا جاتا، اس وقت تک ضلع خضدار میں ہونے والے تمام سرکاری ٹینڈرز کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان برقرار رہے گا، خواہ وہ PSDP کے ٹینڈرز ہوں یا BSDI کے۔
ایسوسی ایشن متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ ان سنگین الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری منصوبوں میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ٹھیکیدار برادری اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔
خضدار کے ٹھکیداروں کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ ہم خضدار کے ٹھکیداروں کا معاشی قتل ہرگز ہونے نہیں دیں گے۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق خضدار میں مبینہ طور پر کرپشن عروج پر ہے۔ خضدار ہر حوالے سے لاوارث دکھائی دیتا ہے، جبکہ کرپٹ افسران کی مبینہ بدعنوانیوں نے پورے ضلع کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ اب وقت آ چکا ہے کہ دن کے اجالے میں فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انصاف، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔
آخر میں جھلاوان کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان (رجسٹرڈ)
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،
کور کمانڈر بلوچستان
آئی جی ایف سی بلوچستان
سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ ہماری داد رسی کی جائے۔ ہماری ٹھکیدار برادری انتہائی مشکل حالات سے گزر رہی ہے۔ ہماری شکایات کا فوری نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور ضلع خضدار میں ٹینڈرنگ کے نظام کو میرٹ، انصاف اور شفافیت کی بنیاد پر استوار کیا جائے تاکہ مقامی ٹھکیداروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔