07/07/2026
گجرات Al Hejaz International Contracting Company گجرات میں شہباز شریف پارک کے مرکزی داخلی راستے کے باہر نصب جدید ڈانسنگ فاؤنٹین کا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ٹیسٹنگ کے دوران ہی شہریوں کی بھرپور توجہ کا مرکز بن گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی ہدایات پر ضلع کونسل گجرات نے اس خوبصورت منصوبے کو مکمل کیا۔ ڈپٹی کمشنر گجرات نورین العین قریشی کی نگرانی اور چیف آفیسر ضلع کونسل سید فراز مہدی کی ذاتی دلچسپی سے ڈانسنگ فاؤنٹین کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈانسنگ فاؤنٹین روزانہ شام 7:00 بجے سے رات 10:00 بجے تک عوام کے لیے فعال رہے گا، جہاں شہری اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ اس خوبصورت منظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔شہریوں نے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈانسنگ فاؤنٹین گجرات کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کرے گا اور شہر میں تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ شام کے اوقات میں خاندانوں کے لیے ایک بہترین اور دلکش تفریحی مقام ثابت ہوگا۔ذرائع کے مطابق ڈانسنگ فاؤنٹین کا باقاعدہ افتتاح آئندہ چند روز میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین کریں گے، جس کے بعد اسے باقاعدہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔